کرسمس تقریبات کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائیں گے، حاجی نواز بروہی
چیئرمین منگھوپیر کا گرجا گھروں کا دورہ، تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے اقدامات
محبت اور بھائی چارے سے مضبوط اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہوتی ہے، مسیحی رہنمائوں سے گفتگو
کراچی (سٹی رپورٹر) ٹائون میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے 25 دسمبر کے حوالے سے کرسمس کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کرسمس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسیحی برادری کے ساتھ اپنی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ کرسمس محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور ہم سب کو اس موقع پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، انہوں نے کرسمس کی تقریبات کو خوشگوار اور پرامن بنانے کیلئے میونسپل انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا اہم حصہ ہے اور ان کے مذہبی تہواروں کو عزت و احترام کے ساتھ منانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، انہوں نے چرچز کی تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے کیئے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے بات کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں، مزید برآں انہوں نے چرچز کی سیکورٹی کا جائزہ لیا اور یقین دلایا کہ کرسمس کی تقریبات کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی تاکہ مسیحی برادری اپنی عبادات اور تقریبات سکون سے انجام دے سکیں، حاجی نواز علی بروہی نے مسیحی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ کرسمس کا تہوار امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں چاہیئے کہ ہم ان اقدار کو فروغ دیں تاکہ ایک مضبوط اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے، چیئرمین نے کرسمس کی پیشگی مبارکباد بھی دی اور تمام افراد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر آغا خلیق، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری علی اکبر کاچھیلو، وائس چیئرمین رانامحمد عارف، سپرنٹنڈنٹ انجینیئر حسن شیخ ،قائد حزب اختلاف حبیب اللہ سواتی، اقلیت ممبر اشرف گل، سپرنٹنڈنٹ انجینیئر فہد جمیل، ڈائریکٹر سینیٹیشن لیاقت صوبہ و دیگر بھی موجود تھے