کراچی میں ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی کھلے عام فروخت
محمد خان پولیس چوکی سے چند قدم کے فاصلے پر ایرانی پیٹرول بوتلوں کھلے عام فروخت
خیبر چوک پر بیٹری کی دکان کی آڑ میں ڈبہ پمپ نوزل لگا کر کھلے عام ڈیزل مزدا بسوں میں بھرا جانے لگا
پولیس چوکی انچارج کی مبینہ خاموشی، شہریوں کو شدید خطرات
اگر کہیں ایرانی ڈیزل یا پیٹرول فروخت ہوتا نظر آئے تو فوری طور پر 15 پر کال کرکے اطلاع دیں
میرے علاقے میں ایرانی ڈیزل،پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی آپ خود کروائیں،ایس ایچ او اتحاد ٹائون ایاز خان کا نمائندہ اتفاق نیوز کو مشورہ
ماضی میں ایرانی ایندھن کے باعث ہولناک حادثات، شہریوں کی ڈی آئی جی ویسٹ سے فوری کارروائی کی اپیل
کراچی (رپورٹ: ندیم آرائیں) اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں قائم محمد خان پولیس چوکی کے اطراف ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے، لیکن پولیس چوکی کے انچارج نے اس غیر قانونی کاروبار پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ایرانی ڈیزل نوزل کے ذریعے جبکہ پیٹرول بوتلوں میں فروخت ہو رہا ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔نمائندہ اتفاق نیوز نے اس سلسلے میں ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن ایاز خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر کہیں ایرانی ڈیزل یا پیٹرول فروخت ہوتا نظر آئے تو فوری طور پر 15 پر کال کرکے اطلاع دیں اور میرے علاقے میں ایرانی ڈیزل،پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی آپ خود کروائیں ۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کے ذخیرے کے باعث ایک تین منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی تھی، جس سے لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ اسی طرح شاہ فیصل کالونی میں تین ماہ قبل ایک فلیٹ کے نیچے ایرانی ایندھن کی فروخت کے نتیجے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک قیمتی جان ضائع ہوئی اور شہریوں کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔شہریوں نے ڈی آئی جی ویسٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں، تاکہ مزید کسی جان و مال کے نقصان سے بچا جا سکے۔