محکمہ تعلیم گلبرگ کے زیر اہتمام منعقدہ اسپورٹس ویک اختتام پذیر
تعلیم کے ساتھ کھیل کود کے پروگرام بچوں کی نشونماء میں اضافہ کرتے ہیں، نصراللہ
گلبرگ ٹائون کے تمام پارکس اور کھیل کے میدان آباد کریں گے، چیئر مین
ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، بچوں اور اساتذہ کا کردار قابل تعریف ہے، حمیداللہ سہاگ
کراچی (سٹی رپورٹر) چیئرمین گلبرگ ٹائون نصرت اللہ کی سرپرستی میں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام سالانہ اسپورٹس ویک کا اختتامی پروگرام منعقد ہوا، جس میں گلبرگ ٹائون کے بلدیاتی اسکولز کے طلباء کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیئے گئے اور چیئرمین الیون اور آفیسر الیون کے مابین کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں خوبصورت مقابلے کے بعد آفیسر الیون نے جیت لیا اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹائون نصرت اللہ نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اس طرز کے پروگرام ایک خوش آئند بات ہے جس کا تمام سہرا ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے تعلیم کے ساتھ کھیل کود کے پروگراموں سے بچوں کی نشو نما میں اضافہ ہوتا ہے یہ بچے ہماری قوم کا مستقبل ہے پاکستان کی آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہمیں ان کو زیادہ سے زیادہ مواقعے میسر کرنے ہیں ہمارا عزم ہے کہ انشاءاللہ گلبرگ ٹائون کے تمام پارک و پلے گرائونڈ آباد کریں گے اس موقع پر میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ نے مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہوں نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچے اور اساتذہ قابل تعریف ہیں ہماری کوشش ہے کہ ٹائون کے تمام ملازمین اور یہاں رہنے والوں کو بہتر سے بہتر سہولیات میسر کریں جبکہ دیگر مہمان گرامی میں امیر، نائب امیر فاروق نعمت اللہ، وائس چیئرمین محمد الیاس، میونسپل کمشنر حمید اللہ سہاگ، یو سی چیئرمین و وائس چیئرمین ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹرز، تعلیمی کمیٹی کے اراکین، اساتذہ کرام، منتظمین اور دیگر سماجی شخصیات، منتخب عوامی نمائندگان اور صحافیوں نے شرکت کی